نئی دہلی: گریٹر نوئیڈا کے سورج پور تھانہ علاقے کے تحت بیگم پور گاؤں میں کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک سات سالہ معصوم صدام زیر تعمیر نالے میں گر کر ہلاک ہوگیا۔ بچے کی موت کے بعد وہاں جمع لوگوں نے اتھارٹی اور ٹھیکیدار کے خلاف ہنگامہ کیا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لوگوں کو سمجھایا اور بچے کو اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، جس کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
دراصل صدام جمعرات کی شام بیگم پور گاؤں میں اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا۔ اس دوران اس کی گیند زیر تعمیر نالے میں چلی گئی، اسے نکالنے کے لیے وہ نالے میں جا گرا۔ زیر تعمیر نالہ پانی سے بھرا ہوا تھا۔ اس کے بعد دیگر بچوں نے شور مچا کر اس کے گھر والوں کو بلایا لیکن جب تک وہ وہاں پہنچے صدام پانی میں ڈوب چکا تھا۔کچھ دیر بعد اہل خانہ بچے کو اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بچے کے والد کا نام نصرو ہے اور وہ بیگم پور میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتا ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر ٹھیکیدار نالے کی تعمیر میں احتیاط کرتا تو بچہ نہ مرتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹھیکیدار کی لاپرواہی سے بچے کی موت ہوئی۔