بُرہان پور: ریاست مدھیہ پردیش کے بُرہان پور میں ایک دل دہلا دینے والا دردناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ بُرہان پور کے نیپا نگر تھانہ علاقہ میں اتوار کی صبح گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے نیپا نگر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہر پہلو سے تفتیش کی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
برہان پور ضلع کے نیپا نگر علاقے کے گاؤں داولیکھرد میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد نے خودکشی کرلی۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے اور میاں بیوی شامل ہیں۔ معلومات کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ متوفی منوج کئی دنوں سے اپنی بیماری سے پریشان تھا۔ وہ دو دن پہلے علاج کروا کر آیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ متوفی منوج نے پہلے اپنی بیوی اور بعد میں تین چھوٹے بچوں کا گلا گھونٹ دیا۔اس کے بعد بالآخر اس نے خودکشی کر لی۔ حالانکہ فی الحال خودکشی کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے کہ متوفی نے کن وجوہات کی بنا پر اتنا بڑا قدم اٹھایا۔