امپھال: تشدد کی آگ میں جھلس رہے منی پور میں امن کی بحالی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ سیاسی اور اسٹریٹجک بات چیت کے ساتھ ساتھ پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد سے نمٹنے کے لیے وادی میں فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ فوج تشدد سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل تلاشی آپریشن چلا رہی ہے۔ جمعرات کو فوج کے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جمعرات کو منی پور کے پہاڑی اور وادی علاقوں میں مسلسل دوسرے دن مشترکہ تلاشی مہم چلائی۔
واضح رہے کہ مخصوص علاقوں کی تلاشی سے قبل لوگوں سے رضاکارانہ طور پر غیر قانونی اسلحہ حوالے کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ فوج نے کہا کہ اس تلاشی مہم میں عوام دوست طرز عمل اپنایا جا رہا ہے اور امن قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ غیر افسپا علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کالم کے ساتھ مجسٹریٹس کی موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو 35 اسلحے (ہر قسم کا)، گولہ بارود اور جنگی ساز و سامان برآمد کیے گئے۔