اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

راجیہ سبھا بجٹ سیشن میں 19 بل پاس ہوئے

راجیہ سبھا کی کاروائی جمعرات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی جس کے ساتھ ہی بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ متعینہ وقت یعنی آٹھ اپریل سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔

Rajya Sabha budget session
Rajya Sabha budget session

By

Published : Mar 25, 2021, 10:49 PM IST

راجیہ سبھا چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کاروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے سے پہلے اپنے اختتامی بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ دوسرا سیشن ہے جو کورونا وبا کے سائے میں ہوا ہے اور یہ اطمینان کی بات ہے کہ اس دوران کووڈ پروٹوکول اور تمام ضروری اسٹینڈنگ آپریٹنگ سسٹم پر مکمل عمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن کے دونوں مرحلوں کے لیے کل 33 اجلاس متعین تھے تاہم دوسرے مرحلے کے وقت سے پہلے ختم ہونے کے سبب کل 23 اجلاس ہی ہو سکے۔

بجٹ سیشن کا پہلا مرحلہ 29 جنوری سے 12 فروری اور دوسرا مرحلہ آٹھ مارچ تک چلا۔ اس دوران ایوان میں کل 19 بل پاس ہوئے۔

ان 23 اجلاس کے دوران ایوان کی کاروائی 116 گھنٹے 31 منٹ کے متعینہ وقت کے مقابلے 104 گھنٹے 23 منٹ چلی۔ اس طرح دونوں مرحلوں کے دوران ایوان میں پروڈکٹیوِٹی 90 فیصد رہی۔

رکاوٹ کے سبب ایوان کے 21 گھنٹے 26 منٹ کا وقت برباد ہوا حالانکہ ایوان نے متعینہ وقت سے 14 گھنٹے اور 28 منٹ اضافی وقت بیٹھ کر اس کی کچھ بھرپائی کی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سیشن کے دوران ایوان میں اوسطاً 94 فیصد کام کاج ہوا۔

راجیہ سبھا چیئرمین نے کہا کہ 'بجٹ سیشن کے دوران صدر کی تقریر پر شکریہ کی تحریک اور عام بجٹ پر تفصیل سے بحث ہوئی اور اراکین نے اس میں کھل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس غرض سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال کا وقت بھی اراکین کو دیا گیا۔

نائیڈو نے کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران ایوان نے (بجٹ) اختصاص اور مالیاتی بلوں کو لوک سبھا کو لوٹانے کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر اہم بل پاس کیے۔ ان بلوں میں صلح اور ثالثی بل، بندر گاہ ٹریبونل بل، میڈیکل ٹرمینیشن آف پریگنینسی، کان اور معدنیات اور بیمہ ترمیمی بل اور قومی دارالحکومت علاقہ ترمیمی بل شامل ہیں۔

جل شکتی، ریلوے اور سیاحت کی وزارتوں کے کام کاج پر بھی ایوان میں تفصیل سے بحث کی گئی۔ اراکین نے عوامی مفاد کے 273 مسائل اور 110 خصوصی ذکر کے مسائل اٹھائے۔

علاوہ ازیں اتراکھنڈ کے چمولی میں تودہ کھسکنے، مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ تعطل کے سبب پیدا شدہ صورتحال، کووڈ وبا اور گاڑی اسکریپنگ پالیسی پر بھی وزراء نے اپنی جانب سے بیان دیے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details