نئی دہلی: سوڈان میں پرتشدد خانہ جنگی کی وجہ سے انتہائی غیر مستحکم صورتحال کے درمیان، تقریباً 1700 سے 2000 ہندوستانی شہریوں کو ملک سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور بحریہ کا تیسرا جہاز آئی این ایس ترکش بھی بقیہ ہندوستانیوں کو تیزی سے نکالنے کے لیے پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے۔ آپریشن کاویری کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے جمعرات کو ایک خصوصی بریفنگ میں بتایا کہ سوڈان میں تقریباً 3500 ہندوستانی شہری اور تقریباً 1000 ہند نژاد افراد موجود ہیں۔
شمال مشرقی افریقہ میں سوڈان کی غیر مستحکم صورتحال کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ جب سے 15 اپریل کو دو حریف دھڑوں کے درمیان لڑائی شروع ہوئی تھی، دونوں طرف سے کئی جنگ بندیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں سے بیشتر کا احترام نہیں کیا گیا تھا اور کچھ پر جزوی طور پر عمل درآمد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ 72 گھنٹے کی جنگ بندی بڑی کافی حد تک قائم ہے، لیکن خرطوم کے کچھ حصوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ اور لڑائی کی اطلاع ملی ہے۔