کابل:افغانستان کے صوبہ تخار میں ایک بس حادثے میں سونے کی کان میں کام کرنے والے کم از کم 17 مزدور ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے خامہ پریس کے مطابق بس صوبہ تخار کے ضلع چاہ آب میں اس وقت الٹ گئی جب وہ انجیر کے علاقے میں سونے کی کان میں جا رہی تھی۔ طالبان کی طرف سے مقرر کردہ چاہ آب کے ضلعی گورنر ملا زمان الدین کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے سونے کی کان میں کام کرنے والے مزدور تھے۔ حادثہ چاہ آب مرکز اور انجیر کے علاقے میں بارودی سرنگوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب بس سڑک کی طرف رخ موڑ رہی تھی اسی دوران اچانک بس الٹ گئی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اس قبل افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں ایک مسافر بس الٹنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں پانچ مسافر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 28 دیگر زخمی ہو گئے۔ وہاں کے مقامی میڈیا کے مطابق قندوز شہر کے مضافات میں صبح سویرے لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے باعث یہ سڑک حادثے پیش آیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے تھے۔