حیدرآباد:وزیر صحت تلنگانہ ہریش راو نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں جلد ہی اسسٹنٹ پروفیسرس کے 1400 عہدوں کو پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر موصوف نے حیدرآباد کے پیٹلہ برج میٹرنٹی اسپتال میں انفکشن کے انسداد، جلد پتہ لگانے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زیادہ پیچیدہ معاملات سے نمٹنے کے لئے دو نئے ملٹی اسپیشلٹی ایم سی ایچ اسپتالوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک کا قیام نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) اور دوسرے کا گاندھی اسپتال میں قیام عمل میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اہم شعبہ جات کے ایچ اوڈیز کی نگرانی میں ایسی کئی پیچیدگیوں کی شکار خواتین کو بچانے کے اقدامات کے لئے نمس میں یہ اسپتال قائم کیا جارہا ہے۔ یہ سوپر اسپشلٹی 250 بستروں والا اسپتال ہوگا۔ گاندھی اسپتال میں 200 بستروں والا یہ ملٹی اسپیشلٹی اسپتال قائم کیاجائے گا۔ جان بوجھ کر وقت سے پہلے زچگی انجام دینے والے ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر صحت عامہ کے لئے اسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ اگر حاملہ خواتین میں مسائل کا بنیادی سطح پر پتہ چل جائے تو اموات کی تعداد کم ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ زچگی کے دوران اموات کی شرح کا گہرائی سے تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ موت کا سبب معلوم کیا جاسکے۔ ایسا کرنے کے نتیجہ میں اموات کی روک تھام میں کمی کو یقینی بنایاجا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر مریض کا علاج ڈاکٹر اپنی بہن، بیٹی کی طرح کریں۔ ایسا کرنے سے ہی ہم ان کا بہتر علاج کرسکتے ہیں۔ مریض کے علاج میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کا حق ہمیں نہیں ہے۔ ہم تمام عوام کی خدمت کرنے والے ہیں۔ ہمیں ا س بات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ شفاف طریقہ سے ہمیں کام کرتے ہوئے عوام کو جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ تمام کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔