اترپردیش کے کانپور میں زیکا وائرس کے انفکشن میں لگاتار اضافہ کی وجہ سے مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔ شہر میں ہفتہ کو زیکا وائرس کے 13 نئے مریضوں کے تصدیق کے بعد متاثرین کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے۔
مقامی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق نئے مریضوں میں 10 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں اب تک 55 مرد اور 24 خواتین زیکا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
متاثرہ مریضوں کا علاج مقامی اسپتال میں چل رہا ہے، لیکن محکمہ صحت کے لئے کانپور میں زیکا وائرس کے آغاز کا پتہ لگانے میں اب تک ناکام رہنا انتظامیہ کے لئے تشویش کا باعث ہے۔
ماہرین کے مطابق زیکا وائرس کے انفکشن کا آغاز کہاں سے ہوا اس کا پتہ نہ لگ پانے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔
موصول جانکاری کے مطابق زیکا وائرس سے شہر میں سب سے زیادہ مریض ائیر فورس احاطے، تیواری پور بغیا اور بدلی پوروا سمیت دیگر علاقوں میں ملے ہیں۔