رانچی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ دیہی ترقی کے وزیر عالمگیر عالم کو سمن جاری کیا ہے۔ عالمگیر عالم کو 14 مئی کی صبح 11 بجے رانچی میں ایئرپورٹ روڈ پر واقع ای ڈی کی زونل آفس میں طلب کیا ہے۔
- پی اے کے گھر سے ملے 35 کروڑ
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ریاستی وزیر عالمگیر عالم کو ان کے پی ایس کے گھر سے ملنے والے 35 کروڑ روپے کے حوالے سے سمن جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ پیر کو جھارکھنڈ حکومت کے وزیر عالمگیر عالم کے او ایس ڈی سنجیو لال اور ان کے نوکر کے گھر پر چھاپے مارے گئے تھے۔ ای ڈی کے چھاپے میں 35 کروڑ روپے برآمد ہوئے۔ اس معاملے میں وزیر عالمگیر عالم کے او ایس ڈی سنجیو لال اور ان کے نوکر کو گرفتار کر لیا گیا اور اب ریاستی وزیر کو بھی سمن بھیجا گیا ہے۔
- چھ اور سات مئی پڑا چھاپہ
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے چھ مئی کو جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ دیہی ترقی کے وزیر عالمگیر عالم کے قریبی چیف انجینئر وریندر رام سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں چھاپے مارے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت تقریباً 35 کروڑ روپے برآمد ہوئے تھے۔ ای ڈی نے وزیر کے او ایس ڈی سنجیو کمار لال کے نوکر جہانگیر عالم کے گھر سے تقریباً 32 کروڑ روپے برآمد کیے۔ باقی نقد رقم منا کمار سنگھ نامی ٹھیکیدار اور کچھ دوسرے انجینئروں سے برآمد کی گئی۔