نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے پانچ فروری کو پولنگ ہونی ہے لیکن اس سے 10 دن پہلے ہی سابق نائب صدر جموریہ حامد انصاری نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے گھر سے ووٹ ڈالنے کے لیے نئی موبائل پوسٹل بیلٹ سہولت کا استعمال کیا، جسے نئی دہلی ڈسٹرکٹ الیکشن آفس نے شروع کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے تیار کردہ الیکٹرانک ٹرانسمیٹڈ پوسٹل بیلٹ سسٹم ووٹرز کو دور دراز مقامات سے اپنا ووٹ ڈالنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ نظام پوسٹل بیلٹ کے ڈیجیٹل ورژن کی طرح ہے، جہاں ووٹر اپنا بیلٹ آن لائن حاصل اور جمع کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو اپنے پولنگ ایریا سے باہر ہیں۔ دہلی کے چیف الیکٹورل آفس نے 23 جنوری کو گھر سے ووٹنگ کی یہ سہولت شروع کی تھی۔ یہ سہولت خاص طور پر 85 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے دستیاب ہے۔ الیکشن کمیشن نے سب سے پہلے یہ سہولت 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں شروع کیا تھا۔
مزید پڑھیں:دہلی کے پر امام و مؤذنین کو 17 ماہ سے زیر التواء تنخواہ ملی
اعداد و شمار کے مطابق، دہلی میں 6,399 بزرگ شہریوں اور 1,050 معذور ووٹروں نے اس سہولت کا انتخاب کیا ہے۔ پانچ فروری کو ہونے والے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔ اس میں دہلی پولیس، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے حصہ لیا۔ اجلاس کا مقصد انتخابی عمل کو آسان اور محفوظ بنانا تھا۔