نئی دہلی: سی بی آئی نے ہفتہ کو مغربی بنگال کے سندیش کھالی معاملے میں تین اور لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری پانچ جنوری کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم پر حملے کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ ملزمین کی شناخت مفضل ملا، سراج ملا اور شیخ عالمگیر کے نام سے ہوئی ہے۔ اس سے پہلے، سی بی آئی نے 11 مارچ کو ای ڈی اہلکاروں پر حملے کی جاری تحقیقات کے درمیان تین گرفتاریاں کی تھیں۔ اس معاملے میں اب تک کل چھ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتار افراد کی شناخت دیدار بخش ملا، فاروق اکونجی اور ضیاء الدین ملا (سربیریا پنچایت کے پنچایت پردھان) کے طور پر ہوئی ہے۔
سی بی آئی کا ماننا ہے کہ گرفتار افراد ٹی ایم سی سے برطرف لیڈر شاہجہان شیخ کے ساتھی ہیں، جنہیں پہلے اسی کیس کے سلسلے میں پکڑا گیا تھا۔ تمام ملزمین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ سی بی آئی نے تازہ گرفتاریوں کے بعد ایک بیان میں کہا، 'سی بی آئی اس واقعے سے پردہ اٹھانے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ جیسے جیسے مزید جانکاریاں سامنے آتی ہیں، ایجنسی قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
سی بی آئی نے ای ڈی پر حملہ کے معاملے میں کلیدی ملزم شاہجہان شیخ کے قریبی نو لوگوں کو کولکاتا کے دفتر میں طلب کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مبینہ راشن گھپلا کے سلسلے میں سندیش کھالی میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارنے گئی ای ڈی ٹیم پر حملہ ہو گیا تھا۔ جانچ ایجنسیوں نے اس حملے کے بعد کو کلیدی ملزم بتاتے ہوئے ان پر زمینوں پر قبضہ کرنے، جبراً وصولی اور خواتین پر ظلم کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی بنگال کے سندیشکھلی میں متعدد مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری