نئی دہلی: ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے سرینواس راو نے بتایا کہ اس سال یہ ادبی میلہ 11 تا 16 مارچ 2024 رابندر بھون کمپلیکس میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس ’ساہتیہ اتسو‘ میں ادبی پس منظر رکھنے والے تین ریاستوں کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان، چھتیس گڑھ کے گورنر وشو بھوشن ہری چندن اور مغربی بنگال کے گورنر شری سی وی آنند بوس خاص طور پر شریک ہو رہے ہیں۔ اس ایوارڈ تقریب کی مہمانِ خصوصی اوڑیا کی نامور مصنفہ پرتیبھا رائے ہوں گی۔
اس سال کا باوقار سالانہ لیکچر معروف اردو ادیب اور نغمہ نگار گلزار دیں گے۔ دنیائے ادب کے اس سب سے بڑے ادبی میلے میں ’ادب اور سفارت کاری‘ کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔ سرینواس راو نے کہا کہ ادبی میلے کا آغاز اکادمی کی سال بھر کی اہم سرگرمیوں کی نمائش کے ساتھ ہوگا۔ اس ساہتیہ اتسو کی مرکزی کشش ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2023 کی پیش کش کی تقریب ہوگی۔
اس موقع پر ساہتیہ اکادمی کے اہم ارکان کو بھی نوازا جائے گا۔ ان کے علاوہ کثیر لسانی شاعر اور داستان گوئی، نوجوان ادیب، اسمتا، پورواتری، بھکتی ادب، بچوں کا ادب، ہندوستان کا تصور، مادری زبانوں کی اہمیت، آدیواسی شاعروں اور مصنفوں کی کانفرنس، ہندوستان میں ڈرامہ نگاری، مستقبل کے ناول، ہندوستان کا ثقافتی ورثہ، ہندوستانی زبانوں میں سائنس فکشن ادب، اخلاقیات اور ادب، ہندوستانی ادب میں سوانح حیات، ادب اور سماجی تحریکیں اور بیرون ملک ہندوستانی ادب جیسے باقاعدہ پروگراموں کے علاوہ مختلف موضوعات پر مباحثے اور سمپوزیم ہوں گے۔