سرینگر (جموں و کشمیر): وزیر اعظم نریندر مودی نے سرینگر شہر کے بخشی اسٹیڈیم میں 28 منٹ کے خطاب میں جموں و کشمیر بینک کی تبدیلی اہم موضوع رہا۔جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کو جموں و کشمیر بینک کو خراب کرنے کا قصور وار ٹھہراتے ہوئے نریندر مودی نے کہا: 'یہ بینک ڈوبنے والا تھا اور لوگوں کو کروڑوں روپیوں کا نقصان ہو سکتا تھا'۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جرات مندانہ اصلاحات کرکے اس بینک کو جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے چنگل سے آزاد کیا اور آج اس مالیاتی ادارے کی ساکھ کو بحال کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
بینک کو نقصان پہنچانے والی غلط تقرریوں کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، پی ایم مودی نے عوام کو یقین دلایا کہ انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) ایسے ہزاروں معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ انصاف کے لیے اس عزم کو خاطر خواہ مالیاتی فروغ ملا، کیونکہ حکومت نے بینک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے 1000 کروڑ روپے کی فراخدلانہ مدد کا وعدہ کیا تھا۔
شفافیت اور میرٹ کے بنیاد پر بھرتی کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بھرتی کے طریقوں میں کی گئی قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کرنا معمول بن گیا ہے، جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر بینک کی مالی حالت میں قابل ذکر تبدیلی آئی۔
وزیر اعظم نے اعداد وشمار کا اشتراک کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر بینک کا منافع حیرت انگیز طور پر بڑھ کر 1700 کروڑ روپے ہوگیا ہے، جو کہ پانچ سال پہلے کے معمولی 1.25 کروڑ روپے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔