کولگام:منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے، ضلع کولگام میں پولیس نے 916.75 مربع فٹ کی جائیداد (ایک منزلہ رہائشی مکان جس کی مالیت تقریباً 10.5 لاکھ روپے ہے) ضبط کر لی ہے۔ضنب شدہ جائیداد بدنام زمانہ منشیات فروش نثار احمد کھانڈے ولد بشیر احمد کھانڈے ساکن نیپورہ کی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر کے تحت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مذکورہ شخص نے جائیداد غیر قانونی طریقہ سے حاصل کی تھی ۔ مذکورہ جائیداد منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے ذریعہ پائی گئی آمدنی سے حاصل کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ کئی ماہ سے لگاتار منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔پولیس کی جانب سے ابھی تک کئی بڑے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کو عمل میں لاتے ہوئے ان کی جائیدادوں کو ضبط کر لیا گیا، وہیں کئی منشیات فروشوں کو پی ایس اے کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔