سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے کام کاج پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کمیشن کو ملک میں جمہوریت کو فروغ دینے کے لیے فعال اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے این سی نائب صدر عمر نے ای سی آئی کے تئیں سرد رویہ کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ’’اس ادارے کو جمہوریت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔‘‘
عمرعبداللہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک دہائی سے (اسمبلی) انتخابات نہیں ہو رہے ہیں، جس سے خطے میں جمہوری نمائندگی کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔‘‘ الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمر نے کہا: ’’اب الیکشن کمیشن سے (ہمیں) کوئی توقعات نہیں ہیں۔‘‘