بڈگام (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے شولی پورہ علاقے میں اینٹ کے بھٹے میں حادثہ کے دوران ایک غیر مقامی مزدور ہلاک ہو گیا۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق اینٹوں کی عارضی دیوار گر آنے سے اینٹ کے بھٹے میں کام کر رہے ریاست اترپردیش کے رہنے والے 29 سالہ حسین کی موت واقع ہو گئی۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے کے سبب حسین کی موقعے پر ہی موت واقع ہو گئی۔
ایک اہلکار نے حادثہ کے سبب مزدور کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یو پی کے رہنے والے ایک 29 سالہ مزدور کی جمعہ کی دیر رات بڈگام کے شولی پورہ علاقے میں اینٹ کے بھٹے میں دیوار گر آنے کے سبب اس کی دب کر موت واقع ہو گئی۔ اس واقعے کی اطلاع نزدیکی پولیس پوسٹ و ترہیل کو دی گئی اور پولیس پارٹی نے موقعے پر پہنچ کر مزدور کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر طبی و قانونی کارروائی کے لیے بڈگام اسپتال روانہ کر دیا۔