پلوامہ (جموں کشمیر) :منگل کے روز جب وادی کشمیر نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، بیشتر لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی، تاہم جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں برف میں پھنسے مختار احمد نامی ایک دولہے کو ریسکیو کرنے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار پہنچے اور آرمرڈ گاڑی میں بٹھا کر مختار کو سسرال پہنچایا تاکہ وہ دلہن کو گھر لے جا سکے۔
ضلع پلوامہ کے ترال علاقے کے ایک دور افتادہ گاؤں بران پتھری میں منگل کو اُس وقت غیر معمولی مناظر دیکھے گئے، جب خاکی رنگ میں ملبوس سی آر پی ایف اہلکار مختار احمد نامی دولہے کے مجازی / قائم مقام براتی بن گئے اور گھوڑی پر سوار، زرق برق لباس زیب تن کیے ہوئے مختار، احمد کو بولیٹ پروف گاڑی میں بٹھا کر دولہے کو سسرال پہنچنے میں مدد کی۔