حیدرآباد (نیوز ڈیسک): تہوار اور تقریب کے مواقع پر جب بازار سجتے ہیں اور خریداروں کا ہجوم ہوتا ہے تو بیوپاریوں اور دکانداروں میں زیادہ سے زیادہ کمانے کی ہوڑ مچ جاتی ہے۔ ایسے مواقع پر کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ زیادہ کمانے اور موقعے کا فائدہ اٹھانے کی لالچ میں کچھ لوگ غلط اور صحیح کی تمیز کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ ایسے لوگ خریداروں سے پیسے اینٹھنے کے لیے فراڈ، جعل سازی اور جھوٹ کے نت نئے طریقے اپناتے ہیں جن سے ہوشیار رہنا وقت کا تقاضہ ہے۔
فی الوقت ہندوستان سمیت پورے بر صغیر میں عید الاضحیٰ کا دور دورہ ہے۔ ہر علاقے میں قربانی کے جانوروں کی منڈیاں سجی ہیں۔ جانوروں کی خریداری کا آج آخری موقع ہے۔ ایسے میں بیوپاری اور خریدار دونوں جلدی میں ہوتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ وقت کی اسی نزاکت کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں۔
اسی بیچ فراڈ کا ایک دلچسپ واقعہ پاکستان کے کراچی سے سرخیوں میں آیا ہے جہاں بکروں کو نقلی دانت لگا کر بیچتے ہوئے ایک بیوپاری جوڑا پکڑا گیا ہے۔ ملزم جوڑے کو پولیس نے کراچی کے گلبرگ چورنگی سے حراست میں لے لیا ہے۔
پاکستان کی پولیس کے مطابق یہ ملزمان نے بکروں کو پلاسٹک کی اسٹرا سے تیار کیے گئے نقلی دانت لگا رکھے تھے۔ لیکن اسی بیچ ایک خریدار نے یہ فراڈ پکڑ لیا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ پھر کیا تھا پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ چونکہ لوگ قربانی کے لیے دانت والے بکروں کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ اس مانگ کو پورا کرنے کے لیے فراڈ کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔