کولکتہ: ترنمول کانگریس نے پیر کو الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ وارانسی سے بی جے پی کے امیدوار وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے لیے مرکزی حکومت کے فنڈز کا استعمال کرکے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے ایک خط میں ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ ماڈل ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے کے بعد 16 مارچ کو وزیر اعظم کی جانب سے ان کی حکومت کے پروگراموں کو اجاگر کرنے والا پیغام رائے دہندگان تک پہنچا۔ ٹی ایم سی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم مودی نے وزیر اعظم کے دفتر کا استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر 15 مارچ کو ووٹروں کو ایک خط کی شکل میں پیغام لکھا ہے۔
ٹی ایم سی رہنما نے مزید کہا کہ بی جے پی نے مذکورہ خط کو سرکاری خزانے کے خرچ پر بی جے پی اور وزیراعظم مودی کے حق میں جاری کیا ہے جو بظاہر حکومت ہند کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بی جے پی اور اس کے امیدوار مودی کو سرکاری خزانے کے خرچ پر مستقبل کی انتخابی مہموں سے باز رکھنے کے لیے مناسب ہدایات جاری کی جائیں۔