گلبرگہ: آل انڈیا کانگریس پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھرگے نے بہار میں سیاسی غیر یقینی صورتحال اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے دوبارہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے اور انڈیا بلاک کو چھوڑنے کے امکانات پر ہفتہ کو کہا کہ "جمہوریت کو بچانے میں دلچسپی رکھنے والے اپنی سوچ نہیں بدلیں گے اور ہمارے ساتھ رہیں گے"۔
کھرگے نے کہا کہ جب وہ دہلی پہنچیں گے تو انہیں پوری معلومات حاصل ہوں گی۔
کانگریس صدر نے کہا کہ "میں نے ایک خط لکھا اور ان سے بات کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ان کے ذہن میں کیا ہے وہ واضح نہیں ہوسکا۔ میں کل دہرادون کا سفر کر رہا ہوں، پھر دہلی چلا جاؤں گا۔ میں پوری معلومات حاصل کروں گا۔ قبل از وقت کچھ بھی کہنا الجھن پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ کھرگے نے کہا کہ اگر انڈیا بلاک کے پاس "مستند معلومات ہیں" تو وہ مطلع کر سکتے ہیں اور بعض "جھوٹی خبریں" بھی ہیں۔
کھرگے نے کہا کہ "آئیے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، ہماری کوشش سب کو متحد کرنے کی ہے۔ میں نے ممتا بنرجی، لالو پرساد یادو، اور سیتارام یچوری سے بات کی ہے۔ اگر ہم متحد ہو گئے تو ہم بی جے پی کو شکست دے سکیں گے، اور انڈیا اتحاد کامیاب ہوگا۔ جو لوگ جمہوریت کو بچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اپنی سوچ نہیں بدلیں گے اور ہمارے ساتھ رہیں گے۔
مزید پڑھیں: بہار کی سیاست میں اگلے 48 گھنٹے اہم، گورنر کے سامنے پریڈ کر سکتے ہیں آر جے ڈی ایم ایل ایز
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی سمیت این ڈی اے کے کئی رہنماوں نے اشارہ دیا ہے کہ جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے درمیان تعلقات ٹوٹنے کا امکان ہے۔ اگر نتیش کمار اس اتحاد کو ختم کرتے ہیں، تو یہ چوتھی بار ہوگا جب وہ اپنا رخ بدلیں گے۔ واضح رہے کہ بہار کے سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی کی ایک پوسٹ نے بہار کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ جیتن رام مانجھی نے دعویٰ کیا ہے کہ آج ہی کھیل ختم ہو جائے گا۔
(اے این آئی)