نئی دہلی: ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ، مرکزی حکومت نے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہو کہ، 27 اپریل 2026، برتھ سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ، 27 اپریل 2026 کو برتھ سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ ہے۔ اس جھوٹی خبر میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ، برتھ سرٹیفکیٹ تمام سرکاری خدمات تک رسائی کے لئے لازمی ہوگا۔
جب ای ٹی وی بھارت نے وزارت داخلہ اور صحت اور یہاں تک کہ رجسٹرار جنرل آف انڈیا سے باضابطہ تصدیق حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس طرح کے نوٹیفکیشن سے متعلق کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی۔
اگست 2023 میں وزارت داخلہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ پیدائش اور اموات کے اندراج (ترمیمی) بل، 2023 کو پاس کیا گیا تھا۔ 11 اگست 2023 کو صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد یہ بل ایک ایکٹ بن گیا۔ تاہم، اس کے حتمی رول آؤٹ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔
اس ایکٹ کے تحت، پیدائش کا سرٹیفکیٹ زندگی کے تقریباً تمام شعبوں کے لیے ایک لازمی دستاویز ہے جس میں تعلیمی اداروں میں داخلہ، ووٹر لسٹ میں شمولیت، سرکاری ملازمتوں میں تقرری، ڈرائیونگ لائسنس، راشن کارڈ، پراپرٹی رجسٹریشن اور یہاں تک کہ پاسپورٹ بھی شامل ہے۔