احمد آباد: ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے اٹھارہ ہندو پناہ گزینوں کو ایک کیمپ کے دوران بھارتی شہریت دے دی گئی ہے۔ ہفتہ کو ضلع کلکٹر کے دفتر میں منعقدہ کیمپ میں ریاستی وزیرداخلہ ہرش سنگھوی نے 18 افراد کو بھارتی شہریت کا سرٹیفیکیٹ دیا اور ان پر زور دیا کہ وہ نئے بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آپ سب ملک کی ترقی کے سفر میں حصہ لینے کے لیے پرعزم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ان تمام لوگوں کو سماج کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں جنہوں نے بھارتی شہریت حاصل کی ہے۔
ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، 2016 اور 2018 کے گزٹ نوٹیفکیشنز نے گجرات کے احمد آباد، گاندھی نگر اور کَچ کے ضلعی کلکٹروں کو پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے اقلیتی برادریوں کے لوگوں کو بھارتی شہریت دینے کا اختیار دیا ہے۔